افغانستان میں لڑائی جاری، حکومتی فورسز کا 35 طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ

Published On 06 July,2021 11:50 am

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں حکومتی فورسز اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان کئی اضلاع میں لڑائی جاری ہے، صوبہ لغمان میں افغان فورسز نے 35 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغانستان میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان گھمسان کا رن، فریقین کے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے، افغان فورسز کا صوبہ لغمان کے ضلع علی شنگ میں 35 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

شمالی افغانستان میں بھی طالبان متحرک ہو گئے، سرکاری فورسز پر حملے کئے۔ وادی پنج شیر میں احمد شاہ مسعود کا بیٹا میدان میں آ گیا۔ اپنی فورس اکٹھا کرنی شروع کر دی۔ ادھر امریکی فورسز کے خالی کردہ بگرام ایئربیس سے افغان فورسز کو ایک ہزار سے زائد گاڑیاں ملی ہیں۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ میدان جنگ میں مضبوط پوزیشن کے باوجود مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیں، آنے والے دنوں میں افغان حکومت سے مذاکرات میں تیزی آئے گی۔

افغان حکام نے ترجمان طالبان کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُمید ہے جلد طالبان کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔