بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت کورونا وائرس جیسی عالمی وبا، ماحولیاتی تبدیلیوں اور تنازعات کے باعث خطرات کا سامنا ہے۔
چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین تسلط، توسیع پسندی اور اثرورسوخ بڑھانے کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتا، ہم انصاف، برابری اور مشترکہ ترقی کے عالمی نظام پر یقین رکھتے ہیں۔ چین ہمیشہ ترقی پذیر دنیا کا رکن رہے گا۔
یہ باتیں انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائینہ اور عالمی سیاسی جماعتوں کی سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ 1.4 ارب چینی باشندوں کی خوشحال زندگی کو یقینی بنانا اور تمام انسانیت کے لئے امن اور ترقی کو فروغ دینا سی پی سی کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے دنیا کی تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہمیشہ عالمی امن ، ترقی کے حامی اور بین الاقوامی نظم کے محافظ بنیں۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ہمیں کثیر الجہتی کے بھیس میں یکطرفہ طرز عمل کیخلاف کھڑا ہونا اور تسلط اور اقتدار کی سیاست سے انکار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر انسانیت کے مستقبل کو سنوارنے کے حوالے سے بھاری ذمہ داریاں ہیں۔ہم دنیا میں ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ ہمیں انسانیت کی مشترکہ اقدار کو لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم انصاف برابری اور مشترکہ ترقی کے عالمی نظام پر یقین رکھتے ہیں۔چینی صدر نے کہا کہ ترقی کے عمل میں ہمیں ترقی پذیر اور غریب ممالک کو ساتھ لیکر چلنا ہو گا،تاہم دوسرے ملکوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو ناکامی ہو گی۔ہمیں دہشتگردی جیسے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی معاملات میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چائنا کمیونسٹ پارٹی عوامی فلاح و بہبود، امن اور برابری کے ایجنڈے کو لے کر آگے بڑھتی رہے گی۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ سی پی سی دنیا بھر میں غربت میں کمی کی غرض سے تعاون اور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے،چین کوڈ 19وبا سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی کوشوں میں تعاون جاری رکھے گا۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ عالمی قوانین چند افراد کے قواعد کے بجائے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں پر مبنی ہونا چاہیے۔