اولمپکس 2024، یوکرین کی روسی ایتھلیٹس کو شرکت کی اجازت دینے پر بائیکاٹ کی دھمکی

Published On 30 January,2023 07:55 am

کیف : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کو 2024 کے پیرس اولمپکس میں حصہ لینے کی اجازت دینا یہ ظاہر کرنے کے مترادف ہوگا کہ دہشت گردی کسی طرح قابل قبول ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی نے رات گئے اپنے خطاب میں کہا کہ ماسکو کو اولمپکس کو پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، میں نے یہ معاملہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ اٹھایا ہے۔

یوکرینی صدر نے اپنے خطاب میں دھمکی دی کہ اگر روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دی گئی تو ان کا ملک پیرس 2024 کا بائیکاٹ کر دے گا۔

زیلنسکی نے کہا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) کی طرف سے روسی ایتھلیٹس کو اولمپک گیمز میں واپس لانے کی کوششیں پوری دنیا کو بتانے کی کوششیں ہیں کہ دہشت گردی کسی طرح قابل قبول ہے، کھیل میں کوئی غیر جانبداری نہیں ہو سکتی جب کہ ان کے ملک کے کھلاڑی میدان جنگ میں مر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ آئی او سی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس ’’ غیر جانبدار ایتھلیٹ ‘‘ کے طور پر اولمپکس 2024 میں حصہ لے سکتے ہیں، کسی بھی کھلاڑی کو صرف پاسپورٹ کی وجہ سے شرکت سے نہیں روکا جانا چاہیے۔