مقبوضہ بیت المقد س : (ویب ڈیسک ) مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے 14 سالہ فلسطینی لڑکے کو شہید کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جینن شہر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران فائرنگ کر کے فلسطینی لڑکے قصی رضوان واکد کو شہید کیا جبکہ تین افراد زخمی ہیں ۔
جنین کے نائب گورنر کمال ابو الرب نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے دوپہر کے وقت کیمپ پر دھاوا بول دیا ، اس آپریشن میں تین فلسطینی زخمی اور ایک نوجوان شہید ہوگیا۔
گذشتہ موسم بہار میں اسرائیل میں خونریز حملوں کے سلسلے کے بعد سے اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی قصبوں پر تقریباً روزانہ رات کے چھاپے شروع کیے ہیں۔
فلسطینی اتھارٹی نے گذشتہ ماہ ایک چھاپے میں 10 فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی کوآرڈینیشن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اسرائیل کی بربریت کے نتیجے میں نئے سال کے آغاز سے اب تک 43 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ۔