تل ابيب: (ویب ڈیسک)اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نو منتخب وزیراعظم نیتن یاہو کی قانون سازی کے خلاف پہلے فلسطینیوں نے احتجاج کیا لیکن اب ملک بھر سے آنے والے مظاہرین نے پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرکے شدید نعرے بازی کی۔
میڈیا کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کو اس وقت ہزاروں مظاہرین نے گھیر رکھا ہے، مظاہرین حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں اور کالے قانون کے خلاف پوسٹرز اُٹھا رکھے ہیں۔
پوسٹرز پر درج ہے کہ سیاہ قانون واپس لیا جائے، عزت نفس بحال کی جائے اور شرم کرو، دنیا دیکھ رہی ہے جبکہ وزیراعظم کو کرائم منسٹر بھی لکھا گیا ہے، یہ احتجاج جوڈیشل ریفارمز کے نام پر ارکان اسمبلی کو عدالت عظمیٰ سے زیادہ طاقتور بنانے کے خلاف ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے سخت گیر یہودی جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت سے اپیل کی تھی کہ اسرائیل میں سماج اور قانون کے ٹکراؤ کا باعث بننے والے اس قانون کو منظور نہ کیا جائے.