بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی دارالحکومت میں واقع ہسپتال میں آگ لگنے سے 21 مریض جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیجنگ کے ضلع فینگ شائی میں واقع ایک ہسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہسپتال کے ایک بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔
چینی میڈیا رپورٹ کے مطابق آگ کی وجہ سے جھلس کر مریضوں سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 71 مریضوں کو ہسپتال سے بحفاظت نکال لیا گیا، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور متعلقہ محکمے اس سلسلے میں تحقیقات کررہے ہیں۔
ڈیڑھ گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں کامیاب ہوئے، مگر ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک ہسپتال کی عمارت کے بڑے حصے کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا۔