غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے غزہ میں مختلف جماعتوں کے ساتھ سیز فائر پر اتفاق کرلیا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق سیز فائر پر اتفاق رائے سے پہلے اسرائیل نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب غزہ میں سرگرم مختلف فلسطینی جماعتوں کے ٹھکانوں پر بمباری کا نیا سلسلہ شروع کیا تھا جس کے بعد غزہ کی پٹی زوردار دھماکوں سے لرز اٹھی۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایک اعلان میں بتایا تھا کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ پر بمباری کی، عینی شاھدین نے بتایا کہ انہوں نے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کو نچلی پروازیں کرتے دیکھا جس کے بعد پورا علاقہ زوردار دھماکوں سے لرز اٹھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی شام میں بمباری، ایک فوجی ہلاک، 7 زخمی
فلسطینی ذرائع ابلاغ نے بھی غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں زوردار دھماکوں سے متعلق اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دھماکے اسرائیلی بمباری کے بعد سنے گئے۔
دوسری جانب گزشتہ روز غزہ سے اسرائیل پر 20 میزائل داغے گئے، یہ کارروائی جیل میں دوران حراست اسلامی جہاد کے ایک رہنما کے انتقال کے بعد اسرائیلی وارننگ کے جلو میں کی گئی، خضر عدنان اسرائیل جیل میں 87 دنوں سے بھوک ہڑتال پر تھے۔