بلغراد (ویب ڈیسک ) سربیا کے ایک سکول میں 14 سالہ طالب علم نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ اور 8 طلبا ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سربیا کے شہر بلغراد کے ایک سکول میں مسلح ملزم نے اندر گھس کر پہلے سکیورٹی گارڈ کو قتل کیا اور پھر طلبا پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی ، فائرنگ میں 8 طلبا اور ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگئے جبکہ 6 طلبا اور ایک ٹیچر زخمی ہوئے ہیں ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کے مطابق زخمیوں میں سے ایک حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
پولیس نے 14 سالہ مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے جس نے فائرنگ کے لیے اپنے والد کا پستول استعمال کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم اسی سکول میں ساتویں جماعت کا طالب علم ہے ، پولیس نے تاحال طالب علم (ملزم ) کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم پولیس کی جانب سے تفتیش کی جارہی ہے ۔
واضح رہے کہ سربیا میں بندوق کے سخت قوانین کے باعث فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں تاہم مغربی بلقان میں 1990 کی دہائی میں جنگوں اور بدامنی کے بعد شہریوں کے پاس لاکھوں غیر قانونی ہتھیار موجود ہیں جنھیں ہتھیار جمع یا رجسٹر کرانے کے لیے کئی عام معافی کی پیشکش کی گئی ہے۔