بلغراد: (ویب ڈیسک ) سربیا کے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سربیا کے گاؤں ڈیوبونا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہو گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق 21 سالہ مسلح حملہ آور نے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے کے قریب ایک گروپ پر فائرنگ کر دی تھی، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعے کے بعد ایمبولینس اور خصوصی پولیس اور ہیلی کاپٹر یونٹس کو علاقے میں بھیجا گیا اور نعشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
سربیا کے وزیر داخلہ بریٹیسلاو گیسک نے واقعے کو علاقائی دہشتگردی قرار دیا ہے ، حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے سپیشل فورسز کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جہنیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :سربیا : 14سالہ طالبعلم کی سکول میں فائرنگ، 8 بچے اورگارڈ ہلاک
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سربیا کے دارالحکومت بلغراد کے سکول میں 14 سالہ طالبعلم کی فائرنگ کے نتیجے میں 8 طالبعلم اور ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے تھے ۔
خبررساں ادارے کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا آخری واقعہ 2013ء میں پیش آیا تھا جب ایک جنگ میں شریک رہنے والے ایک سابق فوجی نے سربیا کے ایک وسطی گاؤں میں فائرنگ کر کے 13 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
تاہم ماہرین اس حوالے سے کئی مرتبہ خبردار کر چکے ہی کہ 1990ء کی دہائی میں ہونے والی جنگوں کے بعد اس ملک میں چھوڑے گئے ہتھیاروں کی تعداد کافی زیادہ ہے، یہ بات بھی تحفظات کا سبب رہی ہے کہ کئی دہائیوں تک وہاں جاری رہنے والے تنازعات اور سخت اقتصادی حالات اس طرح کے واقعات کی وجہ بن سکتے ہیں۔