واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے پاکستان پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور بروقت انتخابات کرائے جائیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق، بنیادی آزادیاں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی حکام پر زور دیتے ہیں انتخابی عمل کو پاکستان کے قوانین کے مطابق آگے بڑھایا جائے، پاکستان امریکا کا اہم پارٹنر ہے، عوامی و حکومتی سطح پر پاک امریکا تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کسی جماعت کے حمایتی نہیں، آزاد اور منصفانہ الیکشن چاہتے ہیں: امریکا
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے حمایت کا یقین دلایا ہے۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کی کسی ایک جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا، پاکستان کی معیشت میں بہتری لانے کیلئے مدد کرتے رہیں گے، امریکا پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی منصفانہ اور آزاد الیکشن چاہتا ہے۔