اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے چھاپہ مار کارروائیاں، ایک بچے سمیت 28 فلسطینی گرفتار

Published On 23 October,2024 02:21 am

غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 28 فلسطینی گرفتار کر لئے۔

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں الگ الگ علاقوں میں چھاپے مارے، حراست میں لئے گئے فلسطینیوں میں ایک بچہ اور سابق قیدی بھی شامل ہیں، ان گرفتاریوں کے بعد سات اکتوبر 2023ء سے اب تک حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی تعداد 11,400 سے زائد ہو گئی۔

فلسطینی اسیران کے نگران اداروں کلب برائے اسیران اور اسیران کمیشن کی طرف سے ایک مشترکہ بیان میں واضح کیا کہ حراست میں لئے گئے افراد میں مغربی کنارے کے جنوب میں الخلیل کے شمال میں واقع عرب پناہ گزین کیمپ سے 15 فلسطینی شامل ہیں، جب کہ باقی علاقوں سے 13 فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے وسطی مغربی کنارے میں رام اللہ شہر کے مغرب میں واقع قصبے دیر ابو مشعل میں درجنوں شہریوں سے پوچھ گچھ کی، انہوں نے نشاندہی کی کہ فیلڈ تفتیشی کارروائیاں حال ہی میں تمام گورنریوں میں نمایاں طور پر بڑھی ہیں اور سیکڑوں نوجوان اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیاں اور گرفتاریاں معمول کی بات ہے تاہم گزشتہ برس سات اکتوبر کو غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائیوں اور تشدد میں اضافہ کردیا ہے۔