غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ میں ایک ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے ریڈ کریسنٹ کے 15 امدادی کارکنوں کی لاشیں اجتماعی قبر سے برآمد ہوئی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ پٹی کے جنوبی علاقے سے ریڈ کریسنٹ کے 8 طبی کارکنوں اور دیگر فلسطینی ریسکیو ورکرز کی لاشیں ریت میں بنی ایک کم گہری قبر سے برآمد ہوئی ہیں۔
یہ کارکن گزشتہ ہفتے اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بنے اور اس کے بعد سے لاپتہ ہو گئے تھے۔
اقوام متحدہ کے عہدیداروں نے لاپتہ رضاکاروں کی لاشیں ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کو انسانی وقار کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزینوں (UNRWA) کے سربراہ فلپ لزارینی نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ لاشوں کو "کم گہری قبروں میں پھینک دیا گیا تھا جو انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔"