افغان طالبان کے اہم عسکری رہنما کی پہلگام حملے کے بعد انڈیا ’’خفیہ‘‘ آمد

Published On 17 May,2025 02:44 am

کابل: (دنیا نیوز) بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان کے اہم عسکری رہنما نے پہلگام حملے کے بعد انڈیا کا ’’خفیہ‘‘ دورہ کیا۔

بی بی سی کے مطابق افغان طالبان حکومت کے نائب وزیر داخلہ ابراہیم صدر نے پاک بھارت کشیدگی کے عروج پر ’خفیہ طور پر‘ انڈیا کا سفر کیا، انڈین حکام سے ملاقات بھی کی، انڈین میڈیا نے دورے کو اہم قرار دیا۔

انڈین اخبار ’سنڈے گارڈین‘ نے لکھا طالبان کے سینئر عہدیدار کے ساتھ ’خفیہ مواصلاتی چینل‘ کھولنا جو پاکستان کے بارے میں تنقیدی نظریات رکھتے ہیں ظاہر کرتا ہے انڈیا افغانستان میں نئی حکومت کے ساتھ بات چیت کیلئے نقطہ نظر پر نظرثانی کر رہا ہے۔

حالیہ پیشرفت میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فون پر بات کی تھی۔