تنزانیہ: دو بسوں میں خوفناک تصادم ، 38 افراد ہلاک

Published On 29 June,2025 08:44 pm

ڈوڈوما: (ویب ڈیسک) تنزانیہ میں دو بسوں کے تصادم میں 38 افراد ہلاک ہوگئے، حادثہ ایک بس کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تنزانیہ میں اتوار کو صدراتی دفتر نے بتایا کہ بس اور منی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک ہو گئے، تصادم کے باعث دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی۔

یہ حادثہ ہفتے کی شام کلمنجارو ریجن کے علاقے ساباسابا میں پیش آیا جب بس کا ایک ٹائر پھٹنے سے ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا تھا، صدراتی بیان میں کہا گیا کہ’ حادثے میں کل 38 افراد ہلاک ہوئے، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں،’ مزید کہا گیا کہ حادثے میں 28 دیگر زخمی ہوئے۔

صدراتی دفتر نے بتایا کہ ہلاک ہونےوالے 38 افراد میں سے 36 کی لاشیں جھلسنے اور جلنے کے باعث ناقابل شناخت ہوچکی ہیں، بیان میں مزید کہا گیا کہ زخمیوں میں سے چھ اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔