بھارت: انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج، راہول اور پریانکا گاندھی گرفتار، کچھ دیر بعد رہا

Published On 11 August,2025 01:20 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کی بانی جماعت کانگریس کے رہنما و قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کو گرفتار کر لیا گیا، کانگریس کے مرکزی رہنماؤں کو بعد میں رہا بھی کر دیا گیا۔

نئی دہلی میں ووٹ چوری کے خلاف حزب اختلاف کے پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کی طرف مارچ کے دوران پولیس نے راہول گاندھی کو گرفتار کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی تقریباً 300 اپوزیشن اراکین کے ہمراہ الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کر رہے تھے۔

اس موقع پر راہول گاندھی نے کہا کہ مودی سرکار طاقت سے ہماری آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے، یہ لڑائی سیاسی نہیں، بلکہ آئین کو بچانے کی ہے، یہ لڑائی ’ایک آدمی، ایک ووٹ‘ کے اصول کے لیے ہے، ہم ایک صاف اور شفاف ووٹر لسٹ چاہتے ہیں۔

مظاہرے کے دوران پولیس نے پریانکا گاندھی، سنجے راوت، ساگرِکا گھوش سمیت کئی رہنماؤں کو بھی حراست میں لے لیا، اپوزیشن اتحاد نے انتخابی فہرست میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شفافیت کے فقدان کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

جوائنٹ کمشنر پولیس دیپک پوریہٹ نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو اس پیمانے کے احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی تھی، صرف 30 ایم پیز کو الیکشن کمیشن جا کر شکایت درج کرانے کی اجازت تھی، لیکن 200 سے زائد افراد مارچ کرتے ہوئے پہنچ گئے۔

ڈپٹی کمشنر پولیس دیویش کمار مہلا نے بتایا کہ کچھ ارکان نے رکاوٹیں پھلانگنے کی کوشش کی، جس پر انہیں بھی حراست میں لیا گیا۔

یاد رہے کہ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے دو روز قبل الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی الیکشن کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ مل کر عام انتخابات میں ووٹ چرائے۔

راہول گاندھی عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت سامنے لائے اور کہاکہ انتخابات میں عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، ڈپلیکیٹ ووٹر آئی ڈیز بنائی گئیں تو کچھ حلقوں میں مکانوں کے جعلی ایڈرس بنائے گئے جبکہ جعلی تصاویر کا بھی استعمال کیاگیا۔

راہول گاندھی نےکہاکہ پچھلے انتخابات میں بی جے پی، وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے ساتھیوں نے آئین پر حملہ کیا، کم سےکم 100 سے زیادہ نشستوں پر ہیرا پھیری کی گئی، انہوں نے بتایا کہ اگر جعل سازی نہ ہوتی تو نریندر مودی آج بھارت کے وزیراعظم نہ ہوتے۔

راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن جو کررہا ہے وہ غداری ہے، دھاندلی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔