واشنگٹن: (دنیا نیوز) الوداع دنیا کے سب سے اچھے جج ۔۔۔ امریکا کے ہر دلعزیز عالمی شہرت یافتہ جج فرینک کیپریو انتقال کرگئے۔
سابق چیف جج فرینک کیپریو اپنے فیصلوں میں انسانی ہمدردی کے جذبات اور سائلین کی مدد کے جذبے کے باعث مشہور تھے، امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس کے فرینک کیپریو طویل عرصے سے لبلبے کے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے، ان کی عمر 88 برس تھی۔
یاد رہے کہ جج فرینک کیپریو نے اپنی موت سے صرف سات دن قبل پاکستان کے یوم آزادی پر خصوصی دیا تھا کہ پاکستان کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ آپ کے دل ہمیشہ فخر سے بھرپور، آپ کی امیدیں بلند اور مستقبل روشن ہو، پاکستان زندہ باد۔
عدالت میں رحمدلی کی علامت سمجھے جانے والے جج کیپریو نے 14 اگست پر جاری پیغام میں ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر لگائی تھی جس میں انہوں نے پاکستان کا پرچم تھام رکھا تھا۔
فرینک کیپریو کے سوشل میڈیا میڈیا اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ وہ ہمیشہ ایک معزز جج کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایک محبت کرنے والے انسان کے طور پر یاد کئے جائیں گے، انتقال سے پہلے فرینک کیپریو نے ہسپتال میں بستر مرگ سے اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ فرینک کیپریو جن مقدمات کی سماعت کرتے تھے وہ سوشل میڈیا پر دکھائی جاتی تھیں اور ان کے فیصلوں کا انداز انتہائی متاثر کن ہوتا تھا، سماعت کے دوران وہ گہرائی میں جاکر یہ جاننے کی کوشش کرتے کہ جرم سرزد کیوں ہوا اور فیصلہ ایسا سناتے جس سے مجرم زندگی میں کبھی دوبارہ اس کام کا تصور بھی نہ کرے۔
یہی وجہ تھی کہ لوگ ان کے فیصلوں کو جاننا چاہتے اور مقدمات کی سماعت سوشل میڈیا پر ان ممالک میں بھی وائرل ہوتی جہاں امریکی حکومت کو پسند نہیں کیا جاتا تھا، سوشل میڈیا پر ان کے لاکھوں فالوروز تھے۔
جج کیپریو کے انتقال پر گورنر ڈین مک نے پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے، گورنر کا کہنا تھا کہ 35 برس تک کمرہ عدالت میں خدمات انجام دینے والے فرینک کیپریو ایک خزانہ تھے جنہوں نے یہ عملی طور پر ثابت کیا کہ اگر انصاف کو انسانیت سے جوڑ دیا جائے تو کیا کیا چیزیں ممکن ہوسکتی ہیں۔
ایمی ایوارڈ کیلئے نامزد شو کاٹ اِن پراوڈنس میں برسوں تک ان کی خدمات دکھائی جاتی رہی تھیں جن میں انسان دوستی سے متعلق ان کے فیصلوں کے سبب وہ دنیا کےسب سے اچھے جج کی شہرت رکھتے تھے۔