واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی محکمہ خزانہ نے کولمبیا پرپابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔
امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے کولمبیا کو منشیات کا اڈا قرار دینے کے بعد پابندیاں لگائی گئیں، کولمبیا کے صدر گستاووپیٹرو، ان کی اہلیہ، بیٹا اور وزیرداخلہ کا نام لسٹ میں شامل کر لیا گیا، پابندیاں منشیات کیخلاف واشنگٹن کی جاری کارروائیوں کا حصہ ہیں۔
کولمبین صدر گستاووپیٹرو نے پابندیوں پر ردعمل میں کہا کہ ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا اور کبھی گھٹنے نہیں ٹیکوں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کولمبیا نے امریکا میں تعینات اپنے سفیر کو فوری طور پر واپس بلا لیا تھا یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کولمبیا پر نئی تجارتی پابندیاں عائد کرنے اور تمام مالی امداد بند کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اتوار کو کولمبیا کے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صدر گستاوو پیٹرو کو براہ راست نشانہ بناتے ہوئے انہیں ”منشیات کا غیر قانونی لیڈر“ قرار دیا تھا، جس پر کولمبیا کی حکومت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اِن الفاظ کو ”توہین آمیز“ قرار دیا تھا۔
کولمبیا کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ ”کولمبیا کے امریکا میں سفیر ڈینیئل گارسیا پینا کو صدر پیٹرو کی ہدایت پر مشاورت کے لیے واپس بلا لیا گیا ہے اور وہ اس وقت بوگوٹا میں موجود ہیں، آنے والے چند گھنٹوں میں حکومت مزید فیصلوں کا اعلان کرے گی۔“
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے الزامات کے بعد کولمبیا کی کرنسی پیر کے روز ابتدائی تجارتی سیشن میں 1.4 فیصد کمزور ہو کر تین ہزار 889 پیسوز فی امریکی ڈالر پر آ گئی تھی۔



