بدنام زمانہ جنسی مجرم ایپسٹین کی مزید دستاویزات جاری کرنےکا بل منظور

Published On 19 November,2025 09:20 am

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی ایوان نمائندگان میں بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کی مزید دستاویزات جاری کرنے کا بل منظور کر لیا گیا۔

امریکی ایوان نمائندگان میں 427 ارکان نے بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ ریپبلکن کلے ہیگن نے بل کی مخالفت کی، بل کو ووٹنگ کے لیے سینیٹ بھیج دیا گیا۔

گزشتہ کئی دنوں سے ٹرمپ یہ مؤقف اختیار کیے ہوئے تھے کہ یہ قرارداد ڈیموکریٹس کی طرف سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے، تاہم ووٹنگ سے قبل ٹرمپ نے کہا کہ ہاؤس ریپبلکنز کو ایپسٹین فائلز کو جاری کرنے کے لیے ووٹ دینا چاہیے کیونکہ ہمارے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

ڈیموکریٹس کی جانب سے جیفری ایپسٹین کی 20 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزات میں ٹرمپ سے متعلق انکشاف سامنے آیا تھا کہ وہ ایپسٹین کے جنسی استحصال اور جرائم سے آگاہ تھے۔

اس حوالے سے ٹرمپ اس بات کی تردید کرتے رہے ہیں کہ ان کا ایپسٹین کے جنسی استحصال یا سمگلنگ کے معاملے سے کوئی تعلق ہے، ایپسٹین کو جنسی استحصال اور نوعمر لڑکیوں کی سمگلنگ کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔