امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپریل میں چین کے دورے کا اعلان

Published On 25 November,2025 09:29 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ ہمارے مضبوط تعلقات ہیں، وہ اگلے سال اپریل میں بیجنگ کا دورہ کریں گے۔

چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد جاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب کو بھی اگلے سال کے آخر میں امریکہ کے سرکاری دورے کی دعوت دی ہے۔

امریکی صدر اور چین کی وزارت خارجہ کے مطابق ٹرمپ اور شی جنپنگ نے تجارت، روس اور یوکرین جنگ، فینٹینیل اور تائیوان سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل جنوبی کوریا میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔

چینی صدر سے رابطے کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ہمارے چین کے ساتھ تعلقات انتہائی مضبوط ہیں۔ 

دوسری جانب چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کو مساوات، احترام اور باہمی فائدے کی بنیاد پر صحیح سمت میں آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اور شی جنپنگ کے درمیان کال تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی اور اس بات چیت میں توجہ تجارت پر مرکوز تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چینیوں کی طرف سے جو کچھ دیکھا ہے اس سے ہم خوش ہیں اور وہ بھی ایسا ہی محسوس کرتے ہیں۔

ٹیلی فونک رابطے میں تجارت کے علاوہ امریکی اور چینی صدور کے درمیان یوکرین اور تائیوان کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔