ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس کو امریکی منصوبے کے عبوری مسودے کا انتظار ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ ماسکو کو توقع ہے کہ امریکہ یوکرین تنازع کے حل سے متعلق اپنے اُس منصوبے کا عبوری ورژن پیش کرے گا، جس پر اس وقت واشنگٹن کی جانب سے یورپی اتحادیوں اور یوکرین کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔
لاوروف نے کہا کہ روس اور امریکہ کے درمیان رابطے کے باقاعدہ ذرائع موجود ہیں اور ان کے ذریعے بات چیت جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے امریکی ساتھیوں سے اس مسودے کے اُس ورژن کا انتظار ہے، جسے وہ یورپی ممالک اور یوکرینی فریق کے ساتھ متن کی تیاری کے مرحلے کا عبوری معاہدہ سمجھتے ہیں۔
لاوروف نے مزید کہا کہ روس مذاکراتی عمل کو سنجیدگی سے لے رہا ہے اور امریکہ سے باضابطہ تجاویز ملتے ہی ان کا جائزہ لیا جائے گا۔



