امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کا پولینڈ کیلئے اپاچی ہیلی کاپٹروں کی تیاری کا اعلان

Published On 28 November,2025 03:23 am

شکاگو: (ویب ڈیسک) امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے پولینڈ کیلئے اپاچی ہیلی کاپٹروں کی تیاری کا اعلان کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بوئنگ نے یہ اعلان امریکی فوج کی جانب سے غیر ملکی عسکری فروخت (FMS) کا کنٹریکٹ ایوارڈ کئے جانے کے بعد کیا جس کے تحت بوئنگ بین الاقوامی خریداروں کے لئے AH-64E اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹرز تیار کرے گی جن میں پولینڈ کی مسلح افواج کے لئے 96 ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ معاہدہ تقریباً 4.7 ارب ڈالر مالیت کا ہے، بوئنگ کے مطابق ہیلی کاپٹرز کی ترسیل 2028ء سے شروع ہو گی، پولینڈ کا آرڈر امریکا کے باہر اپاچی پروگرام کی تاریخ میں سب سے بڑا آرڈر ہے۔

پولینڈ کی وزارت دفاع اس وقت امریکی فوج سے 8 اپاچی ہیلی کاپٹر لیز پر لے کر استعمال کر رہی ہے جبکہ پولش پائلٹس اور عملے کی تربیت بھی جاری ہے۔

دوسری جانب امریکی کمپنی بوئنگ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں 1,300 سے زائد اپاچی ہیلی کاپٹرز فعال سروس میں ہیں، حالیہ مہینوں میں بوئنگ نے نئے اپاچی ہیلی کاپٹر آسٹریلین آرمی، انڈین آرمی اور رائل مراکش ایئر فورس کے حوالے بھی کئے ہیں۔