کراچی: (دنیا نیوز) صنعتی ترقی کی شرح کا پہیہ الٹا گھومنے لگا، لاگت میں اضافے کے سبب پیداوار میں 0.65 فیصد کمی ہو گئی۔ معاشی سست روی کے اثرات بڑی صنعتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں۔
ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے، ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران صنعتی پیداوار میں 0.65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے مقابلے گذشتہ مالی سال کے انہی چار ماہ میں صنعتوں میں ترقی کی شرح 9.77 فیصد رہی تھی۔
صرف اکتوبر 2018 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 0.95 فیصد رہی جبکہ اکتوبر 2017 میں بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 9.35 فیصد رہی تھی۔
رواں مالی سال کے چار ماہ میں ادویات کے شعبے کی پیداوار میں 6 فیصد کمی، پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں ساڑے 6 فیصد کمی اور آئرن، سٹیل کے شعبے میں ترقی کی شرح میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق شرح سود میں اضافہ اور گیس کی قلت کے ساتھ ساتھ معاشی سست روی کے اثرات بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی کا باعث بن رہے ہیں۔