گوادر کو پورے خطے کیلئے معاشی مرکز بنا رہے ہیں، خسرو بختیار

Last Updated On 21 December,2018 07:13 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی یقینی بنانے کیلئے اقتصادی زونز کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں، گوادر کو پورے خطے کیلئے معاشی مرکز بنا رہے ہیں، گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس اس کوریڈور کو نئی جہت دے گا۔

بیجنگ میں چینی ڈیویلپمنٹ ریسرچ سنٹر آف سٹیٹ کونسل کا دورہ کے موقع پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ سی پیک بلٹ اینڈ روڈ کا سب سے اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی کی کمی پوری کرنے کیلئے سرمایہ کاری ہوئی۔ بجلی کے ساتھ ساتھ زراعت، صنعتی ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی یقینی بنانے کیلئے اقتصادی زونز کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں، گوادر کو پورے خطے کیلئے معاشی مرکز بنا رہے ہیں۔

خسرو بختیار نے کہا کہ گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس اس کوریڈور کو نئی جہت دے گا۔ زراعت کی ترقی کیلئے چینی تجربات سے ہر ممکن استفادہ کیلئے کام جاری ہے۔ زرعی تعاون کے تحت کارپوریٹ ایگریکلچر، پیداوار میں اضافے، آبپاشی کے جدید طریقے اختیار کرنے اور مارکیٹنگ کو فروغ دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو درآمدات اور برآمدات میں توازن لانا ہوگا۔ چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی و اقتصادی زونز کی آباد کاری پر توجہ دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان لانے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ صنعتوں کے قیام کیلئے لائٹ سے ہیوی انڈسٹری کے طرف جانا ہوگا۔ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ ساتھ علم کی منتقلی کیلئے بھی کوشش کرنی ہوگی۔ پاک چینی ریسرچ سنٹرز کے مابین روابط استوار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔