اسلام آباد: (دنیا نیوز) یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی مالی امداد کی نوید سٹاک مارکیٹ کے سرمایا کاروں کا رحجان بھی مثبت کر گئی، ٹریڈنگ کے دوران 400 پوائنٹس گراوٹ دکھانے والی مارکیٹ مثبت زون میں بند ہوئی، ڈالر بھی 138 روپے 94 پیسے پر مستحکم رہا۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی خبر نے سٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں نئی روح پھونک ڈالی۔
ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس 400 پوائنٹس کے قریب نیچے چلا گیا تھا لیکن دوران ٹریڈنگ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی مالی مدد کرنے کے اعلان سے انویسٹرز بھی پرجوش ہو گئے۔
سرمایا کاروں نے کاروباری ہفتے کے آخری روز شیئرز خریدنا شروع کیے تو مارکیٹ نے تیزی سے ریکور کرنا شروع کر دیا۔ اختتام پر 100 انڈیکس 14 پوائنٹس اضافے سے 38 ہزار 251 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مالی امداد کی خبروں سے آج امریکی ڈالر بھی سنبھلا رہا اور بغیر کسی تبدیلی کے انٹر بینک میں 138 روپے 94 پیسے پر بند ہوا۔