کراچی: (دنیا نیوز) معیشت میں سست روی صنعتی پیداوار متاثر کرنے لگی، ادارہ شماریات کے مطابق پانچ ماہ کے دوران صنعتی ترقی میں 0.90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، تبدیلی کے نعرے اور معاشی ترقی کی بڑی مثال قائم کرنے کی باتیں بھی خوب کی گئیں مگر حقیقت تو اس کے بلکل برعکس نظر آتی ہے۔ معاشی سست روی کے باعث صنعتی ترقی کو بھی بریک لگ گیا، جولائی سے نومبر کے دوران صنعتی ترقی میں 0.90 فیصد کمی ہوئی جبکہ گذشتہ سال انہی 5 ماہ میں صنعتی ترقی کی شرح میں 7.66 فیصد اضافہ ہوا تھا، صرف نومبر میں ہی صنعتی ترقی میں 0.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق پانچ ماہ میں سٹیل، ادویات، پیٹرولیم اور الیکٹرونکس کا شعبہ تنزلی کا شکار رہا۔ سٹیل مصنوعات کی پیداوار میں 6 فیصد کمی، الیکٹرونکس مصنوعات کی پیداوار میں ساڑے 9 فیصد، ادویات کی پیداوار میں ساڑے 7 فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں ساڑے 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔