اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ منی بجٹ میں نئے ٹیکسز نہیں لگائے جائیں گے بلکہ کاروبار میں وسعت دی جائے گی۔
اسلام آباد میں دنیا نیوز سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ کاروبار اور صنعت کے فروغ کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ آئندہ بجٹ میں کاروباری آسانی دی جائیں گی تا کہ معیشت کا پہیہ چل سکے۔ منی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے۔
حماد اظہر نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات چل رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی ایم ایف سے کڑی شرائط پر قرض نہیں لے گی۔ آئی ایم ایف کی کوئی ایسی شرط قبول نہیں کی جائے گی جو پاکستان عوام کے کیے مشکل ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکس نظام کو بہت مشکل بنا دیا گیا ہے۔ گزشتہ دس سال میں صنعتیں بحران کا شکار ہوئیں۔ اب منی بجٹ میں صنعتوں کو ریلیف دیا جائے گا۔ 1971ء سے لے کر آج تک معیشت میں اتنی کمزرو نہیں جتنی گزشتہ دس سالوں میں ہوئی۔