کراچی: (دنیا نیوز) اسٹیٹ بینک نے کاروبار میں آسانی کے لیے فارن ایکسچینج مینوئل میں ترمیم کر دی۔ مقامی کمپنیوں کو اپنی خدمات کی فراہمی کے عوض عالمی ڈیجیٹل سروس پرووائیڈرز کی جانب سے فوری ادائیگی ممکن ہوسکے گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق فارن ایکسچینج مینوئل میں ترمیم سے مجاز ڈیلرز کو زیادہ سے زیادہ 200,000 ڈالر سالانہ تک زر مبادلہ جاری کرنے کی عمومی اجازت حاصل ہوجائے گی۔ یہ اجازت ڈیجیٹل خدمات سے متعلق کمرشل ادائیگی پر پاکستان میں کام کرنے والی ہر اس کمپنی کے لیے ہوگی جو مذکورہ 62 ڈیجیٹل سروس پرووائیڈر کمپنیوں میں شامل ہیں۔
ڈیلرز اُن ڈیجیٹل سروس پرووائیڈرز کو زیادہ سے زیادہ 25000 ڈالر سالانہ تک کا زر مبادلہ جاری کرسکتے ہیں جو لسٹ میں شامل نہیں۔ توقع ہے کہ اس طرح عالمی کمپنیوں سے اشتہارات، ہوسٹنگ، ڈیٹا بیس، رسائی، کسٹمر سپورٹ و دیگر خدمات کا حصول بڑھے گا۔