کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں ایک ماہ کے دوران 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020 میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 7 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ایک ماہ میں الیکٹریکل مشینری میں سرمایہ کاری کا حجم 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا جبکہ جولائی میں ہی فنانشل بزنس میں 2 کروڑ 40 ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔
بیرونی براہ راست سرمایہ کاری میں گذشتہ سال کی طرح رواں برس بھی چین سرفہرست ہے، ایک ماہ میں چین نے 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ گذشتہ مالی سال کے پہلے ماہ میں چین نے ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔ مالٹا ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ جولائی 2019 میں بھی مالٹا کی جانب سے اتنی ہی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
جولائی 2020 میں اسٹاک مارکیٹ میں 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ ایک ماہ میں ہی بیرونی سرمایہ کاروں نے 7 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے حصص فروخت بھی کر دیئے۔