ایس بی پی روزگار اسکیم، جے ایس بینک نے 90 ہزار سے زائد ملازمتوں کو تحفظ فراہم کیا

Published On 26 August,2020 08:40 pm

کراچی (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 27 جولائی کو جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق جے ایس بینک نے ایک مرتبہ پھر روزگار ری فنانس اسکیم پروسیسنگ اور تقسیم میں سبقت حاصل کی ہے جو ملازمین کو ملازمتوں سے نکالنے اور بے روزگاری سے بچانے کیلئے نجی شعبہ کو اجرتوں اور تنخواہوں کی ادائیگی میں معاونت فراہم کرتی ہے۔

روزگار اسکیم جسے ری فنانس اسکیم بھی کہا جاتا ہے، ورکرز کو ملازمت اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کے لئے ہے۔ یہ اسکیم ایسے کاروباری اداروں کو اجرتوں اور تنخواہوں کیلئے رعائتی پے رول فنانس قرضے فراہم کرتی ہے جو یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ قرض کی مدت کے دوران اپنے ملازمین کو نہیں نکالیں گے۔

اسکیم کے تحت 2068 کاروباروں کو بینکوں کی جانب سے 125.9 ارب روپے کی مالی سہولت منظور کی گئی جس میں 1.1 ملین افراد کی اجرتیں اور تنخواہیں شامل ہیں۔ اس مجموعی تعداد میں جیسے کہ اسٹیٹ بینک کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے، جے ایس بینک کے علاوہ گروپ کے اندر بینکوں کی رینکنگ تبدیل ہوئی۔ جے ایس بینک رینکنگ میں بدستور سرفہرست رہا۔ جے ایس بینک نے مجموعی رقم کا تقریباً 10 فیصد منظور کیا اور ہزاروں ملازمتوں کو تحفظ فراہم کیا اور 195 کاروباری اداروں کو مدد فراہم کی۔

جے ایس بینک کے صدر و سی ای او باصر شمسی نے کہا کہ ایک ادارے کے طور پر مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطن شہریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملکی معیشت میں مدد کے لئے پرعزم ہیں۔ ہم پاکستان کی خوشحالی کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔

پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے اپنے کردار کے لئے پرعزم بینک نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے قدر کی تشکیل کا یہ سفر جاری رکھے گا۔