روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر 70 پیسے گھٹ گئی

Published On 01 October,2020 04:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 70 پیسے سستا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ 26 اگست سے ابتک ڈالر 3 روپے 43 پیسے سستا ہوا ہے جس کے باعث بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 350 ارب روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر 70 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت 165 روپے 70 پیسے سے کم ہو کر 165 روپے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران ڈالر کی قدر میں دس پیسے کی بڑھوتری دیکھی گئی تھی، روپے کے مقابلے میں ڈالر 165 روپے 79 پیسے سے بڑھ کر 165 روپے 89 پیسے ہو گیا تھا۔

دوسرے کاروباری روز کے دوران امریکی کرنسی ایک پیسہ سستا ہو کر 165 روپے 88 پیسے ہو گئی ہے۔ تیسرے روزکے دوران امریکی ڈالر 18 پیسے سستا ہو گیا اور امریکی کرنسی کی قیمت 165 روپے 88 پیسے سے کم ہو کر 165 روپے 70 پیسے ہو گئی ہے۔