پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد معمولی تیزی

Published On 13 November,2020 04:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے باعث صرف 4.79 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی آمد ، بڑھتے ہوئے کیسز جبکہ وباء کے باعث ہلاکتوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے جس کے بعد سرمایہ کار محتاط انداز اپنائے ہوئے ہیں۔

رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز اُتار چڑھاؤ غالب رہا، ایک موقع پر انڈیکس 40689.60 پوائنٹس کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تاہم مندی کے باعث یہ سطح نیچے گرتے ہوئے 40262.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں محض 4.79 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 40569.35 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 12 کروڑ 3 لاکھ 8 ہزار 177 شیئرز کا لین دین ہوا، زیادہ تر شیئرز سرمایہ کاروں کی طرف سے بیچے گئے۔
 

Advertisement