ٹیکس ری فنڈ کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ قابل قبول نہیں: مشیر خزانہ

Published On 13 November,2020 06:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ہدایت کی ہے کہ ٹیکس ری فنڈ کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ قابل قبول نہیں، ٹیکس ری فنڈ کی ادائیگی کا طریقہ کار تیز اور آسان بنایاجائے۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ٹیکس کی مشکلات دور کرنے کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ سیلز ٹیکس کے ری فنڈ جلد فراہم کرنے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں تکنیکی کمیٹی کے کام کو آسان بنانے کیلئے ماہرین کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ برآمد کنندگان کو سیلز ٹیکس ری فنڈ فوری دیئے جائیں، مشیر خزانہ نہ ہدایت کی کہ ٹیکس ری فنڈ میں کسی قسم کی رکاوٹ قابل قبول نہیں۔ محصولات کی وصولی میں واضح اور شفافیت کو یقینی بنانے کے متعلقہ طریقہ کار کو آسان بنائے۔

اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر محمد جاوید غنی اور دیگر اعلی عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ تکنیکی کمیٹی کو متحرک بنانے کے لئے کامرس اینڈ انڈسٹریز ڈویژنوں کے نمائندوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران برآمد کنندگان کے لئے سیلز ٹیکس ری فنڈ کے ’’ فاسٹر ‘‘ نظام کی تعریف بھی کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ترجیحی بنیادوں پر زیادہ موثر نتائج کے لئے فاسٹ اور ری بیٹس سسٹم دونوں کو ٹھیک بنایا جائے گا۔
 

Advertisement