اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف مشن چیف نیھتن پورٹر کا بیان پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان قانون کے مطابق ہی چل رہا ہے، آئی ایم ایف مشن چیف کا بیان غیر معمولی نوعیت کا ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت آئی ایم ایف کا مینڈیٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرض پروگرام میں تاخیر پاکستان اور آئی ایم ایف دونوں کے مفاد میں نہیں، وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو شرائط پر عمل درآمد اور پروگرام مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، امید ہے نئے بجٹ سے پہلے سٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔
عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ 30 جون کو آئی ایم ایف پروگرام ختم ہو جائے گا، آئی ایم ایف سے ڈیل نہ ہوئی تو وزارت خزانہ آنکھیں بند کرکے نہیں بیٹھی، ہر وقت پلان بی بھی موجود ہوتا ہے تاہم ہماری ترجیح آئی ایم ایف پروگرام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال کا بجٹ الیکشن ایئر بجٹ ہوگا، نیا بجٹ 9 جون کے حساب سے تیار کیا جا رہا ہے، نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا، کوشش ہوگی کہ عام آدمی پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے، آئی ایم ایف پاکستان کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی اجازت دیتا ہے۔