وفاق بقایا جات ادا نہیں کرتا تو سرپلس بجٹ نہیں دے سکتے، خیبرپختونخوا حکومت

Published On 13 June,2023 01:02 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے آئندہ مالی سال بجٹ کیلئے وفاق سے دو ٹوک بات کرنے کا فیصلہ کر لیا، محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ وفاق بقایا جات کے اڑھائی سو ارب روپے ادا نہیں کرتا تو سرپلس بجٹ نہیں دے سکتے۔

ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے رابطے کی کوشش کی، اسحاق ڈار نے نگران خیبرپختونخوا حکومت کو جواب دینے کے بجائے چپ سادھ لی جس سے بجٹ تیاری میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

وفاق نے صوبے کو فیڈرل سٹریٹ ٹرانسفر میں 876 ارب روپے کی بھی ادائیگی کرنی ہے، بقایا جات کی عدم ادائیگی پر آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق سرپلس بجٹ دینا ناممکن ہے، آئی ایم ایف نے قرضوں کی قسط جاری کرنے کیلئے وفاق اور چاروں صوبوں کی سرپلس بجٹ کی شرط رکھی ہے۔