لاہور: (دنیا نیوز) امریکی ڈالر نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، اوپن مارکیٹ میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں 63 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 299 روپے 64 پیسے پر بند ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 1 روپے 87 پیسے اضافے کے ساتھ 299 روپے ایک پیسے کا ہو گیا تھا، اس سے قبل انٹر بینک میں ڈالر 11 مئی کو 298 روپے 93 پیسے پر بند ہوا تھا۔
— SBP (@StateBank_Pak) August 23, 2023
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مزید اضافے کے باعث تاریخ کی بلند کی ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
آئی ایم ایف سے قرض کی منظوری کے بعد سے ڈالر کی قیمت میں 23 روپے 56 پیسے کا اضافہ ہوا، روپے کی قدر میں 4 جولائی سے اب 7.9 فیصد کی کمی ہوئی۔
گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 8 روپے مہنگا ہوکر 312 روپے کا ہو گیا تھا جبکہ نگران حکومت کے 11 روز میں ڈالر تقریباً 10 روپے مہنگا ہوا جبکہ صرف 8 کاروباری روز میں روپے کی قدر 3 فیصد سے زائد گر چکی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق بیرونی کمپنیز پر ڈالرز میں منافع باہر لے جانے پر بھی پابندی ہٹنے اور امپورٹ پر تمام پابندیاں ختم کرنے سے روپے کی قدر پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔