پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 6 سال بعد 51 ہزار کی سطح عبور

Published On 23 October,2023 12:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی زبردست تیزی کا رجحان ہے، 6 سال بعد 100 انڈیکس 51 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا ہے۔

مئی2017 کے بعد پہلی بار پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس دوبارہ 51 ہزار تک پہنچا ہے۔

آج پونے گیارہ بجے سٹاک ایکسچینج میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 52 ہزار 873 کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 51 ہزار 71 پوائنٹس پر بند ہوا۔

خیال رہے کہ 19 اکتوبر کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 6 سال بعد 50 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا اور 1.89 فیصد یا 933 پوائنٹس اضافے کے بعد 50 ہزار 365 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں سب سے زیادہ پیش رفت پاکستان پیڑولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، سوئی ناردن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، ایئر لنک کمیونی کیشن لمیٹڈ، سوئی سدرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ، اور ورلڈ کال ٹیلی کام لمیٹڈ کے سٹاک میں دیکھی گئی۔

خیال رہے کہ مئی 2017 میں پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 137 پوائنٹس (0.27 فیصد) کے اضافے کے بعد 51 ہزار 73 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔