اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کا سولر پینل پر سیلز ٹیکس 18 سے کم کر کے 10 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت دن بدن مستحکم ہو رہی ہے، حکومت نے بعض بجٹ تجاویز پر نظرثانی کی ہے، بجٹ پر اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکس کے حوالے سے غلط فہمی پائی جاتی تھی، ڈیجیٹل سروسز کے حوالے سے سیلز ٹیکس صوبوں کا حق ہوگا، چاروں صوبوں میں پی آئی ڈی سی ایل منصوبے مکمل کرے گی، پی ڈبلیو ڈی کا متبادل پی آئی ڈی سیل ایل ہے، آئی ایم ایف سے ریونیو نقصانات پر قابو پانے سے متعلق بات جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سولرسسٹم کیلئے 46 فیصد مال درآمد کیا جاتا ہے، سولرپینل پر 18 فیصد ٹیکس کو 10 فیصد پر لانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ کی یونیورسٹیزکیلئے فنڈز بڑھانے کا فیصلہ ہوا ہے، سندھ کی جامعات کیلئے مختص رقم 2 ارب 60 کروڑ سے بڑھا کر 4 ارب 60 کروڑ کر رہے ہیں، ہم سب نے ملکر ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔
اسرائیل ایران تنازع کا پُرامن حل چاہتے ہیں: اسحاق ڈار
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل دو درجن سے زائد او آئی سی ممالک نے ایک بیان جاری کیا ہے، ان تمام ممالک نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی مذمت کی ہے، یہ بیان ان تمام ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر سامنے آیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن ضروری ہے، اسرائیل ایران تنازع کا پُرامن حل چاہتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی۔
سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران اسرائیل جنگ کی شدت نہ صرف علاقائی سلامتی بلکہ عالمی امن و استحکام کیلئے بھی ایک بڑا خطرہ بن سکتی ہے، اسی لئے پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک نے اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی ہے تاکہ خطے میں امن و امان کے قیام کی کوششوں کو تقویت دی جا سکے۔