پاکستان ترقی پذیر ممالک سے کامیاب ایس ایم ای ماڈلز سیکھنے کا خواہاں ہے: وزیر خزانہ

Published On 02 July,2025 07:12 pm

سیویلا: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک سے کامیاب ایس ایم ای ماڈلز سیکھنے کا خواہاں ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا سپین میں انٹرنیشنل بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں ایس ایم ایز معیشت کا 40 فیصد، برآمدات کا 25 فیصد حصہ ہیں، وزیر خزانہ نے چھوٹے کاروباروں کی معاونت اور مالیاتی نظام کی بہتری کے عزم کا اعادہ کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ غیر زرعی شعبے میں 78 فیصد ملازمتیں ایس ایم ایز فراہم کر رہی ہیں، ایس ایم ایز کو نجی شعبے کے قرضوں کا معمولی حصہ مل رہا ہے، 2028 تک ایس ایم ایز کو نجی قرضوں کا حصہ 17 فیصد تک بڑھانے کا ہدف ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کو ایس ایم ای فنانسنگ پر آمادہ کر رہا ہے، معیشت، برآمدات، خواتین و نوجوانوں کی شمولیت کے لیے مالیاتی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ، بزنس و ایگری لون سکیم کے تحت اربوں روپے کی کریڈٹ گارنٹی سہولت دی گئی، حکومت چھوٹے کاروباروں کے قرضوں پر 50 فیصد تک بوجھ خود برداشت کرے گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ قومی ایس ایم ای پالیسی 2021 کو ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے، سمیڈا کو مضبوط بنا رہے ہیں تاکہ مارکیٹ تک رسائی و تربیت بہتر ہو۔