سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے پرعزم ہیں: قیصر احمد شیخ

Published On 19 August,2025 02:58 am

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے پرعزم ہے۔

سرا یونیورسٹی حیدرآباد میں پوسٹ بجٹ سیمینارمنعقد ہوا، جس میں پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم، صنعتکاروں اور مالیاتی ماہرین نے قومی بجٹ کا تفصیلی تجزیہ کرتے ہوئے معیشت، سرمایہ کاری اور سماجی ترقی پر اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ تھے جبکہ صدر و سی ای او اسرا اسلامک فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی اور وائس چانسلر اسرا یونیورسٹی ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے اپنے تفصیلی خطاب میں پاکستان کی اقتصادی ترجیحات کا خاکہ پیش کیا اور کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، تجارتی خسارہ کم کرنے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی معاونت اور نوجوانوں کی کاروباری صلاحیت بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے، وفاقی وزیر نے اسرا یونیورسٹی کو بروقت اور اہم سیمینار منعقد کرنے پر سراہا جو اکیڈمیہ کو معاشی پالیسی مباحثے میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

آئی او بی ایم کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ وزارت نے بجٹ کے فوائد و نقصانات، مہنگائی، قرضوں کے انتظام، غذائی تحفظ اور صنعتی پیداوار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔