کراچی سمیت سندھ میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

Published On 19 August,2025 01:09 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔

کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، سکھر، لاڑکانہ میں 22 اگست تک بارشوں کا امکان ہے، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بڑھ گیا، وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت بارشوں سے متعلق اجلاس ہوا، مرا د علی شاہ نے بلدیاتی اداروں اور انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کر دی۔

میئر کراچی نے تسلی دیتے ہوئے بتایاکہ آج رات سے کراچی میں بارش کی پیشگوئی ہے، نشیبی علاقوں سے برساتی پانی نکالنے کیلئے 120 سکشن گاڑیاں تیار ہیں۔

واضح رے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشیں ہوئیں، لاہور میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی، نشتر ٹاؤن، والٹن، ڈی ایچ اے،اقبال ٹاؤن، جوہر ٹاؤن میں بادل برسے۔

کراچی میں بھی بادلوں کی انٹری ہوئی، خیر پور میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع،کوئٹہ میں بھی بادل برس پڑے۔