ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے ڈھاکہ میں بنگلا دیشی مشیر صنعت عادل الرحمان خان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خوراک کی سلامتی، فوڈ انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن اور صنعتی ٹیکنالوجی کی ہم آہنگی جیسے اہم شعبوں پر زور دیا، اس سلسلے میں وفود کے تبادلے اور معلومات کے تبادلے کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ترقی پذیر صنعتی شعبے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری اور تعاون کے ذریعے اس کا حصہ بننے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کو ایک مشترکہ وژن کے تحت صنعتی ترقی کے لیے سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا چاہئے۔
اس موقع پر جام کمال خان نے بنگلا دیش کی فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کامیابیوں کو بھی سراہا۔
بنگلا دیشی مشیر صنعت عادل الرحمان خان نے بنگلا دیش کی صنعتی ترقی اور بڑھتی ہوئی ضروریات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور نالج شیئرنگ سے مزید پیشرفت ممکن ہے، انہوں نے چمڑے، شپ بلڈنگ، شوگر، ایگرو پروسیسنگ اور سمال میڈیم اینٹرپرائزز کو تعاون کے ممکنہ شعبے قرار دیا۔
ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان اور بنگلا دیش میں دوطرفہ تجارت اور صنعتی ترقی کو باہمی تعاون سے مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر بنگلا دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔