پاکستان نے 500 ملین ڈالر یورو بانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی

Published On 01 October,2025 12:52 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے 500 ملین ڈالر یورو بانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی۔

اس حوالے سے مشیر خزانہ خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ 2015 میں جاری کردہ 10 سالہ یورو بانڈ 30 ستمبر 2025 کو میچور ہوا جس کے بعد پاکستان نے 500 ملین ڈالر یورو بانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی، قرضوں کی بروقت ادائیگی پاکستان کے مالی نظم و ضبط کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر اور لیکویڈیٹی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ عالمی مالیاتی اداروں نے بھی پاکستان کی ریٹنگ میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، بانڈز پریمیئم پر ٹریڈ ہو رہے ہیں، قرض کا جی ڈی پی تناسب 77 فیصد سے کم ہو کر 70 فیصد پر آگیا، کُل سرکاری قرض میں بیرونی قرض کا حصہ 38 سے کم ہو کر 32 فیصد رہ گیا ہے۔

خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ مالی سال 2025 میں قرض کے بڑھنے کی رفتار نمایاں طور پر کم رہی، عالمی سطح پر قرض لینے کی لاگت میں کمی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

واضح رہے کہ یورو بانڈ 2015ء میں 10 سالہ مدت کیلئے جاری کیا گیا تھا اور اس وقت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنا تھا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ادائیگی سے پاکستان کے کریڈٹ پروفائل پر مثبت اثر پڑے گا اور عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا، یہ اقدام ریٹنگ ایجنسیوں کے ان مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ پاکستان کی بیرونی لیکویڈیٹی مینجمنٹ میں بہتری آئی ہے۔

اس ادائیگی کے بعد قریبی مدت میں ڈیفالٹ کے خدشات کم ہوئے ہیں اور پاکستان کی مجموعی کریڈٹ ریٹنگ کو تقویت ملی ہے۔