حکومت نےگدھوں کی کھالوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کردی

Published On 02 October,2025 11:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نےگدھوں کی کھالوں کی برآمد پر پابندی اٹھالی۔

وفاقی وزارت تجارت نے گدھوں کی کھالوں کی برآمد پر پابندی ہٹانےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق گدھوں کی کھالوں کی مشروط طور پر برآمد کی اجازت دے دی گئی ہے۔

گدھوں کی کھالوں کی برآمد پر 2015 پر عائد پابندی کا فیصلہ واپس لیا گیا ہے، ای سی سی نے 3 ستمبر 2015 کو گدھوں کی کھالوں کی برآمد پر پابندی عائد کی تھی۔

رواں سال جون میں سامنے آنی والی ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق ملک میں گدھوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے، ملک میں ایک سال میں گدھوں کی تعداد مزید ایک لاکھ 9 ہزار بڑھ گئی جس کے بعد گدھوں کی مجموعی تعداد 59 لاکھ 38 ہزار سے بڑھ کر 60 لاکھ47 ہزار ہوگئی۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں گدھے کی کھال کا استعمال کرکے تیار کیے جانے والے جلیٹن میں صحت کو بڑھانے اور نوجوانوں کی نشونما محفوظ رکھنے والی خصوصیات ہیں، جلیٹن نکالنے کے لیے گدھے کی کھالوں کو ابال کر پاؤڈر، گولیاں یا مائع بنا یا جاتا ہے یا کھانے میں شامل کیا جاتا ہے۔

ایک رپورٹ میں یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر ہر سال کم از کم 5.9 ملین گدھوں کو ذبح کیا جاتا ہے اور اس حوالے سے ایک فلاحی ادارے کا کہنا ہے کہ دن بہ دن اس کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔