وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی کمپنیوں کو اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

Published On 14 October,2025 08:50 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹیرف ڈیل طے پا گئی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا سے کامیاب ٹیرف مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے وزیر خزانہ واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں ان کی امریکی محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئیں۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں پر امریکی حکام سے بات کی، پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات ہوئے جس پر وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب نے امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکی حکام سے تجارتی معاہدہ پاکستان کیلئے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے جبکہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ سرکاری و نجی سطح پر تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے رہنماؤں اور ارکان نے بھی ملاقات کی جس دوران محمد اورنگزیب نے معیشت کے استحکام اور نجی شعبے کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے۔

اس کے علاوہ وزیر خزانہ سے سٹی بینک کے نمائندوں، آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر ریکارڈو پولیتی سے بھی ملاقات ہوئی جس دوران ریکوڈک منصوبے کے مالیاتی معاملات جلد طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خزانہ سے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر سلیمان الجاسر نے بھی ملاقات کی جس دوران محمد اورنگزیب نے ایم 6 موٹر وے کے 2 حصوں کیلئے فنانسنگ کی منظوری پر اظہار تشکر کیا جبکہ پولیو کے خاتمے اور تیل فنانسنگ سہولت میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر بھی اتفاق کیا گیا۔