لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول پنجاب نے ٹماٹر کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اضافہ سپلائی میں عارضی تعطل، موسمی حالات اور ٹرانسپورٹ مسائل کی وجہ سے ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث ٹماٹر کی فصل متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں منڈیوں میں وقتی قلت پیدا ہوئی، اس کے ساتھ ساتھ افغانستان اور ایران سے ٹماٹر کی درآمد میں بھی وقتی تعطل دیکھنے میں آیا ہے، جس نے مجموعی سپلائی پر دباؤ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال موسمی تبدیلی، بارشوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کا نتیجہ ہے، تاہم یہ اضافہ وقتی ہے، آئندہ ہفتے سے سپلائی معمول پر آنے کے بعد قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سندھ سے ٹماٹر کی نئی فصل نومبر میں منڈیوں میں آئے گی، جبکہ پنجاب کی فصل اپریل اور مئی میں دستیاب ہوگی، ان فصلوں کی آمد سے منڈیوں میں ٹماٹر کی وافر مقدار یقینی ہو جائے گی، جس سے قیمتوں میں مزید استحکام آئے گا۔
محکمہ پرائس کنٹرول عوام سے اپیل کرتا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، حکومت قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔