لاہور( روزنامہ دنیا)بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی ایشیا کپ میں عدم شرکت کے باعث ایشین کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ میں تصادم کی کیفیت ہے ۔ایشیا کپ 2018 کے براڈ کاسٹرز نے ویرات کوہلی کے نہ کھیلنے پر ایشین کرکٹ کونسل کو احتجاجی خط تحریر کیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے ڈویلپمنٹ منیجر پریرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کوہلی کے نہ کھیلنے سے ہمیں مالی خسارہ ہوسکتا ہے ،ہمیں بتایا گیا تھا کہ پندرہ روزہ ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں کے بہترین کھلاڑی شریک ہوں گے ،کوہلی کا شرکت نہ کرنا ہمارے ساتھ ایشین کرکٹ کونسل کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو آرام دینے پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عدم موجودگی سے ٹورنامنٹ کی آمدنی میں کمی ہوسکتی ہے ۔تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو کھرا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اے سی سی یا براڈ کاسٹر کسی قومی ٹیم کی سلیکشن پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ کسی کھلاڑی کو منتخب کرنا یا نہ کرنا ہمارا استحقاق ہے۔ بھارتی بورڈ کے سی ای او راہول جوہری کا کہنا ہے کہ سلیکشن پر براڈ کاسٹر کسی ملک کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کے 84 دنوں پرمشتمل طویل دورے کے دوران بھارت نے 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی ہے جس میں کوہلی نے 593رنز بنائے لیکن ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی سیریز کیلئے وہ آرام کررہے ہیں اور اس وقت ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔