لاہور: (ویب ڈیسک) 2006 کے بعد پہلی بار پاکستان آنے کا موقع مل رہا ہے ، اُمید ہے کہ اس بار پی ایس ایل کے مقابلے شاندار ہونگے :ویسٹ انڈ ین آل راؤنڈر پشاور زلمی فیملی کا حصہ بننے پر خوشی ہے ، ممکن ہوا تو پشاور میں ملیں گے ،انگلش آل راؤنڈر،کرس جورڈن اورکزئی کے نام سے مداحوں کو پیغام
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کی کوششیں رنگ لانے لگی ہیں ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنیوالے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈیوائن براوو نے پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا،پشاورزلمی کی ٹیم کا حصہ انگلینڈ کے آل راؤنڈ ر کرس جورڈن نے بھی مداحوں کے نام ایک پشتو پیغام میں پاکستان آنے کا عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں جگہ بنانے والے ویسٹ انڈیز ٹیم کے مایہ ناز کرکٹر ڈیوائن براوو نے اپنے ویڈیو پیغام میں فرنچائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2006 کے بعد پہلی بار پاکستان آنے کا موقع مل رہا ہے ، اُمید ہے کہ اس بار پاکستان سپر لیگ کے مقابلے شاندار ہونگے ، انہوں نے اپنے مشہور گانے چیمپئنز کے ساتھ کوئٹہ ٹیم کا نام منسلک کرتے ہوئے کچھ بول بھی دہرائے ۔یاد رہے کہ گزشتہ ایونٹس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بڑے مسائل میں سے ایک یہ بھی رہا ہے کہ کیون پیٹرسن اور شین واٹسن سمیت غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا، اورٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔دوسری طرف پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے بعدا نگلینڈ کے کرس جورڈن نے بھی مداحوں کو پشتو زبان میں پیغام دے کر خوش کردیا۔کرس جورڈن نے پشاور زلمی کے فینز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ سب خیر و عافیت سے ہوں گے ، پشاور زلمی پی ایس ایل فور کیلئے پوری طرح تیار ہے اور فینز کی سپورٹ سے پی ایس ایل فور میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے ۔انہوں نے خود کو ’’کرس جورڈن اورکزئی‘‘ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی فیملی کا حصہ بننے پر خوشی ہے ، ممکن ہوا تو پشاور میں ملیں گے ۔