بنگلا دیش کیخلاف حارث رؤف، احسان علی کو ڈیبیو کرا سکتے ہیں: بابر اعظم

Last Updated On 23 January,2020 05:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی قائد بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر قیادت اعزاز کی بات ہے۔ بنگلا دیش کے خلاف بہترین رزلٹ دینے کی کوشش کریں گے۔ احسان علی اور حارث رؤف کو ڈیبیو کرا سکتے ہیں۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ہار کا کوئی پریشر نہیں ہے۔ آئی لینڈرز کی طرح غلطیاں نہیں دہرائیں گے بلکہ بنگلا دیش کے خلاف بہترین رزلٹ دینے کی کوشش کریں گے۔

کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر قیادت اعزاز کی بات ہے، بیٹنگ ہمارا اصل ہتھیار ہوگا ہمارے پاس نمبر 1 سے 9 تک بہترین بیٹسمین موجود ہیں، بنگال ٹائیگرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ یا باؤلنگ کرنے کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کروں گا۔میرے خیال میں اس وکٹ پر 180سے 190اچھا سکور ہوگا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بنگلا دیشی کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیل کر آئے ہیں، مقابلہ خوب ہو گا۔ بنگال ٹائیگرز کے خلاف ہماری تیاریاں بہترین ہیں، چار پریکٹس میچز بھی کھیلے ہیں، بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔ وکٹ سلو لگ رہی ہے، سیریز کے میچوں کے دوران بھی پچ سلو ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھ اکہ شعیب ملک سینئر کھلاڑی ہیں ان کی موجودگی میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ شعیب اور حفیظ کی واپسی میری خواہش پر ہوئی، شعیب ملک اور محمد حفیظ کو تینوں میچوں میں موقع دیں گے، احسان علی اور حارث رؤف کو ڈیبیو کرا سکتے ہیں۔