چیف ایگزیکٹو آئی سی سی مانو سواہنے کا دورہ پاکستان اختتام پذیر

Last Updated On 23 January,2020 08:45 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے کا دورہ پاکستان اختتام پذیر ہو گیا، دو روزہ پاکستان کے دوران انہوں نے اسلام آباد اور لاہور میں مثبت اور مفید ملاقاتیں کیں۔

دورہ پاکستان کے پہلے روز آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی، ملاقات میں آئی سی سی کے جنرل منیجر کمرشل کیمبل جیمیسن، چیئر مین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے شرکت کی۔

آئی سی سی کا دو رکنی وفد جمعرات کے روز لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کا دورہ کرنے کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچا اس سے قبل انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پریزینٹیشن دی گئی۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے کا دورہ آئی سی سی کے 2023ء سے 2031ء کے درمیان شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے حوالے سے اپنے ممبرز کو بریف کرنے کی سلسلے کی ایک کڑی تھی اس دور میں آئی سی سی نے مینز کے آٹھ، ویمنز کے آٹھ ، چار مینز انڈر 19 اور چار ویمنز انڈر 19 کے ایونٹس شامل ہیں۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے اجلاس میں مانو سواہنے اور کیمبل جیمیسن نے ان ایونٹس کی میزبانی کی پیشکش، اس طریقہ کار اور متوقع ٹائم لائنزکے بارے میں جامع اور تفصیلی طورہ پر آگاہ کیا۔

مانو سواہنے پی سی بی کو کرکٹ کی پروموشن گلوبل حکمت عملی، ڈویلپمنٹ اور عالمی کرکٹ کو در پیش چیلنجز کے بارے میں بھی اپ ڈیٹ کیا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے دو رکنی وفد کے ساتھ اگلے آٹھ سالہ سرکل کے حوالے سے بڑی مثبت اور تعمیری میٹنگزی ہوئی ہیں، وقت سے قبل آئی سی سی کی توقعات کے بارے میں معلومات ملنا پی سی بی کے لیے مفید رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان میٹنگز میں ہمیں آئی سی سی کے تقاضوں کے بارے میں آگاہی ملی ہے لہٰذا پی سی بی اس حوالے سے اب اپنی پیشکش سے متعلق دستاویزات بہتر انداز میں تیار کر سکے گا۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ پی سی بی اگلے سرکل کے دوران ائٓی سی سی ایونٹس کی میزبانی کر سکتا ہے، یہ عمل اتنا آسان نہیں ہے اس لیے ہمیں اس میں حکومت اور دوسرے سٹیک ہولڈرز کا بھی تعاون درکار ہوگا۔