نیا عالمی ریکارڈ، کرس گیل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ہزار چھکے لگانے والے پہلے بیٹسمین

Published On 31 October,2020 05:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اعزاز چار سو سے زائد میچز کھیل کر حاصل کیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویسٹ انڈیز کے سٹار بلے باز کرس گیل عام طور پر ایک اوپننگ بیٹسمین کے طور پر کھیلتے ہیں لیکن جمعہ 30 اکتوبر کو آئی پی ایل کے ایک میچ میں وہ ون ڈاؤن کے طور پر کھیلنے کے لیے کریز پر آئے۔

وہ میچ میں اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 23 ویں سینچری بنانے میں اس وقت ناکام ہو گئے، جب وہ 99 کے ذاتی سکور پر آؤٹ ہو گئے لیکن ساتھ ہی گیل کرکٹ کی ریکارڈ بکس میں اس وقت ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، جب آؤٹ ہونے سے پہلے تک وہ آٹھ چھکوں کی مدد سے 63 گیندوں پر 99 رنز بنا چکے تھے۔

آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے کرس گیل نے میچ میں جتنے چھکے لگائے، ان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ان کی چھکوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار کی حد پار کر گئی۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ پیشہ ورانہ کرکٹ کے اس فارمیٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ کل کے میچ کے بعد ٹی ٹونٹی میں کرس گیل کے چھکوں کی مجموعی تعداد 1001 ہو گئی ہے۔

41 سالہ کرس گیل اب تک 400 سے کچھ ہی زائد ٹی ٹونٹئی میچ کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 13 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔ اس طرح یہ اعزاز بھی انہیں ہی حاصل ہے کہ وہ کرکٹ کے اس فارمیٹ میں تیرہ ہزار سے زائد ذاتی رنز اسکور کرنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔

کرس گیل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنے چھکوں کی تعداد کے حوالے سے کس منفرد حیثیت کے حامل ہیں اور کریز پر ایک بیٹسمین کے طور پر وہ کسی بھی باؤلر کے لیے کتنے خطرناک ثابت ہوتے ہیں، اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے بعد ٹی ٹونٹی میں اب تک سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز ہی کے سٹار بیٹسمین کیرون پولارڈ کے پاس ہے۔

پولارڈ اب تک 450 سے زائد اننگز میں 690 چھکے لگا چکے ہیں۔ اس طرح ان کے اور گیل کے چھکوں کے درمیان اب بھی 311 چھکوں کی وسیع خلیج پائی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کنگز الیون پنجاب اور راجستھان رائلز کے مابین میچ میں جب کرس گیل کا ذاتی سکور 99 تھا، وہ جوفرا آرچر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس پر انہیں اتنا غصہ آیا کہ انہوں نے بیٹ زمین پر دے مارا۔ لیکن اس واقعے کے فوراﹰ بعد انہوں نے اپنے غصے پر قابو پایا، بولر جوفرا آرچر سے ہاتھ ملایا اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

گراؤنڈ میں اپنے آؤٹ ہونے پر گیل کا جذباتی رویہ بہرحال ایسا تھا کہ بعد میں آئی پی ایل کی انتظامہ نے مروجہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ان کو اس میچ سے ملنے والی رقم کے 10 فیصد کے برابر جرمانہ کر دیا۔ گیل نے، جنہیں اپنی غلطی کا احساس تھا، اپنے خلاف جرمانے کی اس سزا کو بغیر کسی بحث کے قبول کر لیا۔